دنیا

ہندوستان میں بیٹا والدین کا ہم جماعت

ہم نے اپنے اردگرد ایسے بہت سے بچے دیکھیں ہوں گے جو محض اس وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کرپاتے کہ ان کے والدین کو تعلیم کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوتا، لیکن ہندوستانی ریاست مغربی بنگال کا ایک ہائی اسکول ایسا بھی ہے جہاں ایک بچے کے والدین بھی اس کے ساتھ ہی زیرِ تعلیم ہیں.

کے مطابق مغربی بنگال کے ضلع نادیہ میں ڈھٹالہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع حضرت پور ہائی اسکول کی 11ویں کلاس میں بپلاب مونڈل اپنے 41 سالہ والد بالارام مونڈل کے ساتھ ہی بیٹھتا ہے جبکہ اس کی 31 سالہ والدہ کلیانی مونڈل لڑکیوں کے لیے مخصوص حصے میں بیٹھتی ہیں.

ضلع نادیہ کے علاقے اترپتی کاباری کے رہائشی منڈال خاندان کے یہ افراد صاف ستھرے یونیفارم میں ملبوس ہوکر اپنی سائیکلوں پر اسکول جاتے ہیں اور کلاس میں پوچھے گئے سوالوں کے جواب دینے کے لیے فورآ ہاتھ کھڑے کردیتے ہیں جبکہ ان کے ہم جماعت ابھی جواب سوچنے کے لیے سر ہی کھجا رہے ہوتے ہیں.

ان کے ہم جماعتوں کے مطابق منڈال خاندان کے یہ افراد پڑھائی میں بہت اچھے ہیں. بالارام اور کلیانی آرٹس کے مضامین پڑھ رہے ہیں اور انھوں نے بالترتیب 2013 اور 2014 میں سیکنڈری تعلیم مکمل کی.

بالارام کے مطابق وہ بچپن میں ہی اپنے والد سے محروم ہوگئے تھے، جس کے بعد انھیں گھر کا انتظام چلانے کے لیے اسکول چھوڑنا پڑا، ان کا کہنا تھا، ‘میں نے علم کی خواہش کو کبھی مرنے نہیں دیا، میں گریجویشن کرنا چاہتا ہوں’.

دوسری جانب ان کی اہلیہ کلیانی کا کہنا تھا کہ جب ان کی شادی ہوئی، وہ نویں جماعت میں زیرِ تعلیم تھیں، لیکن وہ ہمیشہ سے اپنی پڑھائی کا سلسلہ وہیں سے جوڑنا چاہتی تھیں جہاں سے انھوں نے چھوڑا تھا.

بالارام اور کلیانی کے بیٹے بپلاب کا کہنا ہے کہ اس کے والدین بالکل اس کے دوستوں کی طرح ہیں اور وہ انھیں اپنی کلاس میں دیکھ کر بہت خوش ہے.

ہائی اسکول میں سنسکرت کے ایک استاد کملیش ماجومدر نے بتایا کہ بپلاب کے والدین نے اسکول میں داخلہ لینے کے لیے چند چکر لگائے جس کے بعد ہیڈ ماسٹر سجیت کمار ہوتا انھیں اسکول میں داخلہ دینے پر راضی ہوگئے.

بعدازاں ہائیر سیکنڈری ایجوکیشن کونسل کے حکام سے رابطہ کیا گیا اور کونسل کی گائیڈ لائن کے تحت بالارام اور کلیانی کو اسکول میں داخلہ دیا گیا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close