روس میں صدارتی الیکشن؛ پیوٹن کے چوتھی بار منتخب ہونے کا امکان
ماسکو: روس میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے اور صدر ولادی میر پیوٹن چوتھی بار بھی میدان مارنے کو تیار ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس میں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، صبح 8 بجے سے شروع ہونے والی پولنگ رات 8 بجے تک جاری رہے گی، صدارتی انتخاب میں موجودہ صدر ولادی میر پیوٹن کے علاوہ 7 امیدوار میدان میں موجود ہیں تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس بار بھی پیوٹن کا پلڑا بھاری دکھائی دیتا ہے۔روس میں صدارتی انتخاب کے لیے دنیا بھر سے 1500 سے زائد عالمی مبصرین ماسکو پہنچے ہیں۔ ہزاروں مقامی مبصرین بھی الیکشن کی کوریج کے لیے موجود ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے انتظامات مکمل ہیں، اس بار ٹرن آؤٹ 70 فیصد تک رہنے کی امید ہے جس کی نگرانی کے لیے بین الاقوامی مبصرین کو دعوت دی ہے۔واضح رہے موجودہ صدر ولادی میر پیوٹن اٹھارہ سال سے برسراقتدار ہیں۔ وہ 7 مئی 2012ء سے تاحال روس کے صدر ہیں۔ پیوٹن اس سے پہلے بھی 2000ء سے 2008ء تک صدر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ 1999ء سے 2000ء تک اور پھر 2008ء سے 2012ء تک روس کے وزیر اعظم بھی رہ چکے ہیں۔