بھارتی ایئرلائن کی سعودی فضائی حدود سے اسرائیل کیلئے پہلی پرواز
سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل کے لیے اپنی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد بھارت کی سرکاری فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے نئی دہلی سے براستہ سعودی عرب تل ابیب کے لیے اپنی پہلی پرواز مکمل کی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایئر انڈیا کی دہلی سے اڑان بھرنے والی پرواز اے آئی 139 نے تل ابیب کے بن گوريون ایئرپورٹ پر شام سات بج کر 45 منٹ پر لینڈ کیا۔
اس حوالے سے اسرائیلی وزیر برائے ٹرانسپورٹ يسرائيل كاٹس کا کہنا تھا کہ ایئر انڈیا کی نئی دہلی سے تل ابیب کے لیے پرواز اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان پہلا باضابطہ تعلق ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘یہ ایک تاریخی لمحہ ہے’۔
اسرائیل کے وزیر سیاحت ياریو ليوین نے بھی اس حوالے سے ایک ریڈیو انٹرویو کے دوران کہا کہ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، جس کے پیچھے سالوں کی محنت پوشیدہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی فضائی حدود کے استعمال سے نہ صرف بھارت تک کا سفر کم وقت میں ہوگا بلکہ سفری اور ٹکٹ کے اخراجات بھی کم ہو جائیں گے۔
اگرچہ ریاض نے باقاعدہ طور پر ایئر انڈیا کی پرواز کو اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے کی تصدیق نہیں کی، تاہم اس اقدام سے اسرائیل سے آنے اور اسرائیل جانے والی پروازوں پر سعودی فضائی حدود سے گزرنے کی 70 سالہ پابندی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب اس حوالے سے بھی کچھ نہیں بتایا گیا کہ اس کا اطلاق کسی اسرائیلی ایئرلائن پر بھی ہوگا یا نہیں۔