بھارتی ایئرفورس کی نااہلی، یوم جمہوریہ پراپنی ہی سرزمین پر بم برسادیئے
نئی دلی: بھارتی ریاست راجستھان میں فوجی پریڈ کے دوران ایک جنگی طیارے نے اپنے ہی علاقے میں ایک دو نہیں پورے 5 بم برسادیئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ملک بھر میں فوجی پریڈ کا اہتمام ہوا، ایسی ہی ایک پریڈ ریاست راجستھان میں پاکستان کی سرحد سے ملحقہ ضلع بارمر کے علاقے گگُڑی میں بھی ہوئی، اس پریڈ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
پریڈ کے دوران بھارت کی مسلح افواج کی جانب سے اپنی عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ جاری تھا کہ اچانک پورا علاقہ زور دار دھماکوں سے گونج اٹھا۔ تحقیقات سے پتہ چلا کہ فضائی کرتب بازی کے دوران ایک جنگی جہاز میں موجود 5 بم گر گئے ہیں لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھارتی ائیرفورس نے بم گرنے کے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب انڈیا گیٹ نئی دلی میں ہوئی جب کہ فرانسیسی صدرفرانسس اولاند تقریب کے مہمان خصوصی تھے ،تقریب میں پریڈ کے دوران فرانسیسی فوجی دستوں نے پہلی بار تقریب میں خصوصی طورپرشرکت کی۔