دنیا

فلسطین بھرمیں سوگ کا اعلان، شہدا کی تعداد 15 اور زخمیوں کی 1400 ہوگئی

غزہ: فلسطین میں غزہ کی پٹی میں سرحدی باڑ پر احتجاج کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ پاکستانی ویوز کی رپورٹ کے مطابق، فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غاصب فوج کی فائرنگ سے 15 فلسطینی شہید اور 1400 زخمی ہوگئے ہیں جو 2014 کے بعد ایک روز میں پیش آنے والے بدترین واقعات ہیں۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق حماس کے زیرانتظام غزہ پٹی کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی براہ راست فائرنگ کی زد میں آکر 15 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کی تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی ہے جن میں 758 زخمی ایسے ہیں جن کو براہ راست گولیاں لگی ہیں جبکہ دیگر افراد ربڑ کی گولیوں اور آنسو گیس کے استعمال سے زخمی ہوگئے۔

فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ سرحد میں احتجاج کے دوران جمعے کو دن کے آغاز میں مزید دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن کی شناخت محمد ابو عمار اور محمد ابو معمار کے نام سے ہوئی ہے جنھیں اسرائیلی فوج نے مختلف جھڑپوں میں نشانہ بنایا۔

 واضح رہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان سرحد میں حماس کی جانب سے مختلف مقامات پر ہونے والے احتجاج کے دوران جب کشیدگی بڑھی تو مظاہرین نے پتھراؤ کیا جبکہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ سیکڑوں فلسطینیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور اسرائیلی فوج سے تصادم ہوا جبکہ سرحد سے چند میٹر کے فاصلے پر پانچ مختلف مقامات پر ہزاروں کی تعداد میں مظاہرین جمع تھے۔

دوسری جانب سے اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں فلسطینیوں نے ٹائرز کو نذر آتش کیا اور سرحد پر تعینات فوج پر پتھراؤ کیا جس کے جواب میں فوج کی جانب سے فائر کھول دیا گیا۔

فلسطینی صدر محمود عباس نے ہفتے کو یوم سوگ منانے کا اعلان کردیا ہے۔

خیال رہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی قبضے اور مقامی افراد کو بے دخل کرنے کے 70 برس پورے ہونے کے سلسلے میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں اور 15 مئی کو وسیع پیمانے پر سرحدی باڑ کے ساتھ احتجاج کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close