سعودی ولی عہد کا ایک اور اسلامی ملک پہ جنگ مسلط کرنیکا عندیہ
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ آئندہ 10، 15 سال میں ایران کے ساتھ جنگ چھڑ جانے کا امکان ہے۔ امریکی اخبار ’ٹائمز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ امریکہ کو شام سے اپنے فوجی دستے واپس بلانے کے بجائے عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایران پر سیاسی اور اقتصادی دباؤ ڈالنا چاہیئے تاکہ خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کیا جا سکے، بصورت دیگر اس بات کا قوی امکان پیدا ہو چکا ہے کہ آئندہ 10 سے 15 برسوں میں ایران کے ساتھ جنگ چھڑ جائے گی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ خطے میں ایران کے کردار کو محدود رکھنے کے لیے اس پر سخت پابندیاں عائد کرنا ضروری ہو گیا ہے۔ شام کے علاوہ ایران حوثیوں کو بھی سپورٹ کر رہا ہے جس کی وجہ سے یمن میں بحران اور جنگ کی کیفیت پیدا ہوئی ہے اگر 2015ء میں سعودیہ یمن میں مداخلت نہیں کرتا تو آج یمن حوثی باغیوں اور القاعدہ کے درمیان تقسیم ہو چکا ہوتا۔