اخبار پڑھتی کنواری نوجوان لڑکی کو اچانک اپنے بارے میں ایسی چیز لکھی نظر آگئی کہ زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری مل گئی، پل بھر میں دنیا بدل گئی کیونکہ اس کا۔۔۔
لندن: محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کے لئے نوجوان بہت سوچ بچار کرتے ہیں اور منفرد سے منفرد ترین طریقہ ڈھونڈنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اکثر تو بہت سوچ بچار کے بعد بھی بس پھول پیش کرتے ہوئے ”مجھ سے شادی کرو گی؟“ کے آئیڈیا تک ہی پہنچ پاتے ہیں لیکن ایک برطانوی نوجوان نے واقعی ایسا دلچسپ اور منفرد طریقہ اختیار کیا کہ جس کی مثال اس سے پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی۔
دی مرر کے مطابق 30 سالہ ایڈورڈ فریزر نے تین ماہ کی محنت سے اپنی 28 سالہ گرل فرینڈ ریچل ہرمن کے لئے ایک کراس ورڈ پزل تیار کیا اور اسے مقامی اخبار میں چھپوا دیا۔ اس کو کراس ورڈ پزل کو مکمل کرنے کے لئے متعدد الفاظ درکار تھے جن میں ایڈورڈ اور ریچل کے نام بھی شامل تھے لیکن اس کا آخری اشارہ مکمل کرنے پر جو جملہ بنتا تھا وہ یہ تھا ”Will you marry me?“ یعنی ”کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟“
ایڈورڈ اور ریچل ہر اتوار کو مل کر کراس ورڈ پزل حل کرتے تھے اور اس بار بھی انہوں نے اپنے معمول کے مطابق یہ پزل حل کرنا شروع کیا۔ ریچل کو اس وقت حیرانی ہوئی جب اسے حل کرنے کے لئے ان دونوں کے اپنے ناموں کی بھی ضرورت پڑ گئی اور پھر جب ان دونوں کے ناموں کے ساتھ” کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟“ کے الفاظ بھی آئے تو ریچل کی حیرت کی انتہاءنا رہی۔
اب اسے سمجھ آئی کہ یہ ایڈورڈ کا شادی کی پیشکش کے لئے انتہائی منفرد انداز تھا جو اخبار کے کراس ورڈ پزل کی صورت میں اس کے سامنے آیا تھا۔ پزل کے حل ہوتے ہی ریچل نے مسکراہٹ کے ساتھ ایڈورڈ کو ہاں بھی کہہ دی اور اس نے اپنی جیب سے انگوٹھی نکال کر اسے پہنا بھی دی ۔ مقامی اخبار ’ایسٹرن ڈیلی پریس‘ میں شائع ہونے والا یہ پزل ہر کسی کی توجہ کا مرکز بنا اور سوشل میڈیا پر بھی اسے سینکڑوں بار شیئر کیا گیا ہے۔