دنیا

ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے مینیجر مستعفی ہو گئے

امریکہ کی رپبلکن جماعت کی جانب سے ممکنہ صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم چلانے والے کوری لیونڈوسکی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ٹرمپ کی مہم کی ترجمان کا کہنا ہے کہ کوری اب ٹرمپ کی مہم کے ساتھ کام نہیں کر رہے اور ٹرمپ کی پوری ٹیم ان کی محنت کے لیے شکر گزار ہے۔

کوری کا مستعفی ہونے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ٹرمپ کی ٹیم صدارتی انتخابات کے حوالے سے مہم میں تبدیلیاں لا رہی ہے۔

کوری نے ایسے وقت استعفیٰ دیا ہے جب ٹرمپ کی سخت زبان اور سخت گیر امیگریشن پالیسی کے حوالے سے ٹرمپ کو رپبلکن جماعت کے سینیئر رہنماؤں کی سخت مخالفت کا سامنا ہے۔

اورلینڈو کے نائٹ کلب پر ہونے والے حملے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کے ردعمل پر سخت تنقید کی گئی ہے۔

اس حملے میں 49 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے کے بعد ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنے اس موقف کا اعادہ کیا کہ امریکہ میں مسلمانوں کا داخلہ بند کردیا جانا چاہیے۔

رپبلکن جماعت نے ٹرمپ سے اس وقت دوری اختیار کی جب انھوں نے ایک ہسپانوی جج پر تنقید کی جو ٹرمپ کے خلاف ہونے والے دو مقدمات کی سماعت کر رہے ہیں۔

کوری لیونڈوسکی کے پریس کے ساتھ تعلقات اچھے نہیں رہے۔ اس سال کے شروع میں ان پر ایک جلسے کے بعد ٹرمپ کے راستے سے ایک خاتون صحافی کو دھکا دے کر ہٹانے کی فرد جرم عائد ہوا تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے پر کوری کا بھرپور دفاع کیا اور آخر میں ان کے خلاف مقدمہ ختم کر دیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مہم کے ایک ڈائریکٹر مائیکل کپوٹو نے کوری کے مستعفی ہونے کی خبر کے بعد ٹوئٹ کیا ’ڈنگ ڈونگ جادو گرنی مر گئی‘۔

کوری اور ٹرمپ کے چیف سٹیریٹیجسٹ پال منافورٹ کے درمیان اختلافات تھے اور کوری پال کے اقدامات کو روکنے کے لیے مزید سٹاف بھرتی کرتے تھے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شہرت میں کمی واقع ہو رہی ہے اور ووٹروں کی اکثریت ان کے حق میں نہیں ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close