اٹلی کے دارالحکومت روم کی 3000سالہ تاریخ میں پہلی بار
روم کی پہلی خاتون میئر کا نام ورجینیا ریگی ہے۔ وہ اسٹیبلشمنٹ کی مخالف سیاسی جماعت فائیو سٹار پروٹیسٹ موومنٹ کی امیدوار تھیں۔ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں 37سالہ ورجینیا نے 60فیصد ووٹ حاصل کرکے حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار کو شکست سے دوچار کردیا۔
رپورٹ کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم میں کرپشن اور جرائم اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ اسے ”مافیا کیپیٹل“ کہا جانے لگا ہے اور یہاں کے زیادہ تر سیاستدانوں، افسروں اور کاروباری افراد کے خلاف مقدمات چل رہے ہیں۔ انتخابی مہم نے ورجینیا نے کرپشن کو ختم کرنے اور شہر سے جرائم کا خاتمہ کرنے کے نعرے اپنائے جنہوں نے اسے کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ اپنی جیت پر اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ورجینیا کا کہنا تھا کہ ”میں شہر میں قانون کی بالادستی اورانتظامی امور میں شفافیت لانے کے لیے کام کروں گی۔ آج میری نہیں، بلکہ روم کے شہریوں کی فتح ہوئی ہے۔ آج سے روم میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔“
ورجینیا نے سیاسی مخالفین سے بھی بڑا مسئلہ کیتھولک عیسائیت کے عالمی رہنما پاپائے روم کے لئے پیدا کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ویٹی کن نے اپنے زیر قبضہ زمین پر 310ملین پاﺅنڈ کا ٹیکس نہیں دیا، جو اب اسے دینا ہو گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ انتظامیہ اس کیخلاف کوئی بھی اقدام کرنے سے ڈرتی تھی ۔ واضح رہے کہ پوپ سے آج تک کسی کو یہ سوال کرنے کی ہمت نہیں ہوئی تھی، جو روم کی پہلی خاتون مئیر نے کر دیا ہے