مسلمان دشمن سی آئی اے کے سابق چیف نے امریکی وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
امریکا کے نئے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ مائیک پومپیو نے امریکا کے 70ویں وزیر خارجہ کی حیثیت سے حلف اُٹھایا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ سابق وزیر خارجہ کو ریکس ٹیلرسن کو برطرف کرکے مائیک پومپیو کو نامزد کیا تھا جو اس سے قبل ڈائریکٹر سی آئی اے کے عہدے پر فرائض انجام دے رہے تھے۔ مائیک پومپیو کی بطور وزیر خارجہ نامزدگی کے بعد ٹرمپ انتظامیہ کو کافی دباؤ کا سامنا تھا تاہم حکمراں جماعت ریپبلکن پارٹی نے عددی اکثریت کی بنیاد پر مائیک پومپیو کو منتخب کر لیا گیا۔ انہیں اپوزیشن جماعت ڈیمو کریٹک پارٹی کے پانچ ارکان نے بھی ووٹ دیئے یوں وہ سینیٹ میں 57 میں سے 42 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کو اختلافات کے باعث برطرف کردیا تھا اور ان کی جگہ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر مائیک پومپیو کو نامزد کیا تھا جو مسلمانوں کے خلاف جارحانہ عزائم اور سخت گیر رویہ رکھنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔