سعودی عرب نے مزید 200 پاکستانیوں کو ملک سے نکال دیا
سعودی عرب نے غیر ملکیوں بالخصوص پاکستانیوں کو بے دخل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، اس حوالے سے ریاض حکومت نے مزید 200 پاکستانیوں کو بے دخل کر دیا ہے۔ بے دخل کئے جانیوالے پاکستانی سعودی عرب کی پرواز 734 پر جدہ سے لاہور پہنچے۔ لاہور ایئر پورٹ پر امیگریشن حکام نے ضروری پڑتال کے بعد تمام بے دخل مسافروں کو گھروں کو بھیج دیا۔ بے دخل کئے گئے مسافروں کا کہنا تھا کہ کفیل کے ظلم پر آواز اٹھانے پر بے دخل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کفیل کے غیر قانونی احکامات تسلیم نہ کرنے پر ہمیں قید کر لیا گیا جب ویزے کی مدت ختم ہو گئی تو کفیل نے پولیس کو اطلاع کر دی کہ یہ لوگ ایکسپائرڈ ویزے کیساتھ سعودی عرب میں مقیم ہیں جس پر پولیس نے ہمیں دوبارہ گرفتار کرکے قید کر دیا اور قید پوری ہونے پر ہمیں بے دخل کر دیا گیا ہے۔ مسافروں نے بتایا کہ تاحال سعودی جیلوں میں ہزاروں پاکستانی قید ہیں۔ بے دخل مسافروں نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سعودی جیلوں میں قید مزید پاکستانیوں کو رہا کروایا جائے۔