ایرانی فلم ہدایتکار عباس کیارستمی انتقال کر گئے
فرانس کے دارلحکومت پیرس میں زیر علاج 76 سالہ ایوارڈ یافتہ فلم ڈائریکٹر عباس کیارستمی انتقال کر گئے ہیں۔
عباس کیارستمی پیرس میں کینسر کے لعاج کے لیے گئے ہوئے تھے۔
عباس 1979 میں ایران میں انقلاب کے بعد ایران ہی میں رہے اور انھوں نے 40 فلمیں اور دستاویزی فلمیں بنائیں۔
سنہ 1997 میں ان کو اپنی فلم ٹیسٹ آف چیری کے لیے کانز فلم فیسٹیول کا بلند ترین ایوارڈ ’پالما ڈور‘ ملا۔
انھوں نے اپنی آخری دو فلمیں ایران سے باہر بنائیں۔
عباس واحد ایران فلم ڈائریکٹر تھے جن کو کانز میں پالما ڈور ایوارڈ ملا۔
ان کی فلم ٹیسٹ آف چیری ایک ایسے شخص کی کہانی ہے جو ایسے شخص کو تلاش کر رہا ہے جو اس کو خودکشی کے بعد دفن کرے۔ اس فلم میں اس وقت ایرانی مذہبی رویوں کے بارے میں بات کی گئی ہے۔
ان کی ایک اور فلم ’ٹین‘ بھی پام ڈی اور ایوارڈ کے لیے نامزد ہوئی تھی۔ یہ فلم ایک گاڑی میں دو ڈیجیٹل کیمرے نصب کر کے بنائی گئی تھی۔ اس فلم میں ایک خاتون تہران میں گاڑی چلاتے ہوئے مختلف مسافروں کے ساتھ بات چیت کرتی ہیں اور ایرانی معاشرے میں خواتین کے کردار کے بارے میں سماجی ایشوز کو اجاگر کیا گیا۔
عباس نے 2005 میں برطانوی ڈائریکٹر کین لوچ اور اطالوی ہدایتکار ارمانو اولمو کے ساتھ مل کر تین حصوں پر مشتمل فلم ٹکٹ بنائی۔
عباس کے انتقال پر نیو یارک کے سینما میگزین دا فلم سٹیج نے ٹوئٹ کیا کہ ’دنیا نے بہترین ہدایتکار کھو دیا ہے‘۔
برطانوی فلم انسٹیٹیوٹ نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ان کو عباس کے انتقال پر بہت افسوس ہے۔