نوجوان لڑکی خود کشی کیلئے ٹرین کی پٹڑی پر لیٹ گئی، ایسے میں قریب کھڑے لوگوں نے کیا کیا؟
نیویارک: کوئی خودکشی جیسی افسوسناک حرکت کی کوشش کرے تو آس پاس موجود لوگ اسے بچانے کی کوشش کرتے ہیں مگر گزشتہ دنوں امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیلیویڈر میں ایک خاتون خودکشی کی نیت سے ٹرین کی پٹڑی پر آ کر بیٹھ گئی مگر پاس موجود لوگوں نے اسے پٹڑی سے ہٹانے کی بجائے اپنے اپنے موبائل فونز پر اس کی ویڈیو بنانی شروع کر دی۔
برطانوی اخبار دی میٹرو کی رپورٹ کے مطابق ٹرین آنے ہی والی تھی کہ اس سٹیشن سے روزانہ سفر کرنے والا ایک 26سالہ نوجوان سام نکولسن آ گیا۔ اس نے خاتون کو اس حالت میں دیکھا تو فوراً اسے بچانے کے آگے بڑھا۔ خاتون مزاحمت کر رہی تھی اور سام کے لیے اسے پٹڑی سے ہٹانا مشکل ہو رہا تھا۔ سام نے پاس کھڑے 10سے زائد لوگوں کو مدد کے لیے کہا لیکن کوئی بھی آگے نہ بڑھا بلکہ سب فونز پر واقعے کی ویڈیو بنانے میں مگن رہے۔ سام بالآخر خاتون کو باہر لانے میں کامیاب ہو گیا اور یوں اس کی جان بچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق سام نکولسن کا کہنا تھا کہ ”میں جب سٹیشن پر پہنچا تو خاتون پٹڑی کے درمیان میں بیٹھی تھی۔ مجھے دور سے ٹرین کی بتیاں نظرآئیں اور میں نے سوچا کہ مجھے کچھ کرنا چاہیے اور پھر میں کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ جب میں خاتون کو باہر لے کر آیا تب بھی وہ مجھ پر چلا رہی تھی اور چھوٹ کر واپس پٹڑی کی طرف جانے کی کوشش کر رہی تھی، میں اسے زمین پر گرا کر اس کے اوپر بیٹھ گیا تاکہ اسے واپس پٹڑی پر جانے سے روک سکوں۔ جب ٹرین گزر گئی تو میں نے سٹیشن ماسٹر کو اطلاع دی جس نے پولیس طلب کر لی جو خاتون کو اپنے ساتھ لے گئی۔ خاتون نے مجھے بتایا تھا کہ وہ 3بچوں کی ماں ہے۔ آج اگر میں اسے نہ بچاتا تو اس کے بچوں کو زندگی ماں کے بغیر گزارنا پڑتی جو یقینا بہت خوفناک صورتحال ہوتی۔“