دنیا

’ایدھی کا پیغام انسانیت کی بلا امتیاز مدد ہے‘

لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ انھیں معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی موت سے انتہائی دکھ پہنچا ہے کیونکہ ایدھی کی زندگی ہم سب کے لیے قابل تقلید ہے۔

خیال رہے کہ انسانی فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والے ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی عبدالستار ایدھی جمعے کو کراچی میں انتقال کر گئے تھے اور سنیچر کو انھیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ویلج میں سپردِ خاک کیا گیا۔

بی بی سی اردو کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں لندن کے پاکستانی نژاد میئر صادق خان کا کہنا تھا کہ ’بہت افسوس کی بات کی ہے عبداستار ایدھی وفات پا گئے ہیں۔ آپ دیکھیں جیسےانھوں نے پاکستان کے غریب لوگوں کی مدد کی ، بہت ضروری ہے کہ ہم ان کی زندگی سے سبق سیکھیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ایدھی کی زندگی کا پیغام اور مقصد ہمیں اپنانا چاہیے اور وہ یہ کہ تمام انسانیت کی بلا امتیاز مدد کریں۔

صادق خان کے والدین کا تعلق پاکستان سے تھا اور ان کا بحیثیت مئیر انتخاب لندن کی کثیرالنسل آبادی کی کامیابی قرار دیا گیا تھا۔

لیکن یورپی یونین کے ریفرنڈم میں برطانوی عوام کی اکثریت کا ای یو سے نکلنے کے فیصلے کے بعد برطانیہ میں نفرت پر مبنی جرائم نے کمیونیٹیز میں تناؤ کو جنم دیا ہے۔

ایسے میں صادق خان کے کردار کو نہایت اہمیت دی جا رہی ہے اور گذشتہ کئی ہفتوں میں کی گئیں ان کی زیادہ تر تقاریر کا موضوع مذاہب میں ہم آہنگی اور رنگ و نسل سے بالاتر معاشرے کا قیام رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا جس طرح ایدھی نے مذہب اور رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر پاکستان کے غریب عوام کی خدمت کی اس طرح ہمیں بھی دنیا بھر میں بلا تفریق ضرورت مند لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close