امریکہ نے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ پہ پابندی لگا دی
امریکی حکومت نے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے وزیر خزانہ سٹیون منوچن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے مرکزی بینک کے گورنر نے اسلامی سپاہ پاسداران انقلاب کے نام پر خفیہ طریقے سے لاکھوں ڈالر عراق میں قائم البلاد اسلامک بینک کے ذریعے بھجوائے تاکہ حزب اللہ کے پرتشدد ایجنڈے کو توانائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا ایران کے ہاتھوں بین الاقوامی مالیاتی نظام کے بڑھتے ہوئے غلط استعمال کی اجازت نہیں دے گا۔ بین الاقوامی کمیونٹی کو ایران کے اپنے پراکسی دہشت گردوں کو مالی مدد فراہم کرنے کی گمراہ کن کوششوں سے چوکنا رہنا چاہیے۔رپورٹ کے مطابق امریکا نے ایران کے مرکزی بینک کے بین الاقوامی شعبے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر علی تارزالی اور البلاد اسلامک بینک کے چیئرمین اراس حبیب کو بھی بلیک لسٹ کر دیا ہے۔