سلامتی کونسل نے اسرائیلی بربریت کیخلاف کوئی بیان جاری نہیں کیا، اقوام متحدہ میں پاکستان نے سلامتی کونسل کو پوائنٹ آوٹ کردیا
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کاکہنا ہے کہ پاکستان فلسطینوں کی بھرپور حمایت اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے دوران غزہ میں اسرائیلی فوج کے قتل عام اور بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک نے سلامتی کونسل کے 14 ارکان کی فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کے خلاف مشترکہ مذمتی قرارداد کو روک دیا، تاہم پاکستان فلسطینیوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا سلامتی کونسل نے بھی اسرائیلی فوج کی فلسطین میں بربریت کے خلاف کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیکیورٹی کونسل سے فلسطین میں جاری ظلم وبربریت کے خلاف آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ امریکا کے سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم (مقبوضہ بیت المقدس) منتقلی کے موقع پر غزہ میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں، اسرائیلی فوج نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے 58 فلسطینیوں کو شہید کردیا جب کہ آنسو گیس اور فائرنگ کے نتیجے میں 2700 افراد زخمی ہوگئے تھے۔پاکستان 18 مئی کو فلسطین کے ساتھ اظہار یکجہتی طور پر منائے گا۔