سعودی بمباری کے جواب میں یمنیوں کے میزائل حملے
یمن سے سعودی شہر کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا جب کہ دوسرا میزائل صحرائی علاقے میں گرا۔عرب میڈیا کے مطابق یمن سے سعودی شہر خمیس مشیط پر حوثی باغیوں کی جانب سے 2 بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے جس میں سے ایک میزائل کو سعودی ائیر ڈیفنس فورسز نے فضا میں ہی تباہ کردیا جب کہ دوسرا میزائل شہر کے صحرائی علاقے میں گرا تاہم میزائل حملے میں کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔سعودی اتحادی فوج کے سربراہ کرنل ترکی المالکی نے میزائل حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ روز یمن سے حوثی باغیوں نے سعودی وقت کے مطابق شام چھے بجے کے قریب میزائل حملہ کیا تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی سالوں سے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل حملوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ امریکا اور سعودی عرب نے متعدد بار ایران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کو میزائل ایران فراہم کررہا ہے لہذا اقوام متحدہ ایران کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کا پابند کرے۔