تہران: ایران نے کہا ہے کہ جوہری ڈیل بچانے کے لیے عالمی طاقتوں سے مذاکرات جاری رہیں گے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کے ساتھ ایک اقتصادی پیکیج پر مذاکراتی عمل حقیقت میں جوہری ڈیل کو بچانے کے لیے شروع کیا گیا ہے، عراقچی نے یہ بیان برطانیہ، چین، فرانس، جرمنی اور روس کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کے بعد دیا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں یہ تعین کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا یہ ممالک ایران کو فائدہ مند پیکیج دے سکتے ہیں، عراقچی کے مطابق ابتدائی مذاکرات کے بعد اگلے مرحلے میں ایران اقتصادی پیکیج کے لیے قانونی اور سیاسی ضمانتی حدود کے تعین کی بات چیت کرے گا۔