دنیا

امریکا اور جاپان کا شمالی کوریا سے اسلحے کے ذخائر بھی تلف کرنے کا مطالبہ

واشنگٹن: امریکا اور جاپان نے شمالی کوریا پر جوہری پروگرام کے علاوہ اسلحے کے ذخائر اور میزائل پروگرام کو بھی ختم کرنے کے لیے زور دیا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور بالخصوص شمالی کوریا کے حوالے سے ٹیلی فونک بات چیت ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا سے جوہری پروگرام کو ختم کرانے کے علاوہ اسلحے کے ذخائر کو بھی تلف کرانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر اور جاپان کے وزیراعظم کے درمیان ہونے والی گفتگو میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ خطے میں مکمل قیامِ امن، طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے اور جنگی صورت حال سے نکلنے کے لیے شمالی کوریا کو جوہری، کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیاروں کے ساتھ ساتھ اپنے میزائل منصوبوں کو بھی لازمی طور پر غیر فعال بنانا ہو گا۔

واضح رہے شمالی کوریا نے حال ہی میں اپنے ایک جوہری تجرباتی مرکز کو منہدم کرکے امریکا سمیت عالمی قوتوں کو مثبت پیغام دیا تھا تاہم اس کے باوجود امریکی صدر اور کم جونگ ان کے درمیان 12 جون کو سنگاپور میں ہونے والی ملاقات کے حوالے سے کئی ڈرامائی موڑ آچکے ہیں اور اس ملاقات کے انعقاد کے حوالے سے ابہام تاحال برقرار ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close