فرانس دہشت گردی، تحقیقات میں سنسنی خیز انکشافات
پیرس : فرانس میں 8 ماہ کے دوران دوسری بار خون کی ہولی کھیلی گئی، تحقیقات کے دوران واقعے سے متعلق چونکا دینے والی معلومات منظرعام پر آئی ہیں۔
نومبر کے بعد جولائی فرانس کیلئے خونریز رہا، اپنی طرز کے انوکھے حملے سے متعلق حیران کن تفصیلات سامنے آنے لگی ہیں، فرانسیسی پولیس نے ٹرک سے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تاہم غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹرک سے ملنے والا تمام اسلحہ جعلی نکلا، ٹرک سے آتشیں اسلحے کے بجائے کھلونا بندوقیں برآمد ہوئیں، ہینڈ گرنیڈ کے نام پر وہ پٹاخے شامل ہیں جن سے عام طور پر بچے ایک دوسرے کو خوفزدہ کرتے ہیں۔
فرانسیسی حکام کے مطابق نیس کے تفریحی مقام پر 31 سالہ تیونس نژاد فرانسیسی نے تخریب کاری کی، جس کی شناخت محمد لحویج بوہلی کے نام سے ہوئی تاہم تفتیش کاروں کو ٹرک سے دوسرے شخص کی دستاویزات ملی ہیں۔
مہاجرین سے متعلق عالمی ادارے سیو دی چلڈرن کی چیف ایگزیکٹو ایلے تھورننگ شمیڈت نے زور دیا ہے کہ واقعے کو مشرق وسطیٰ سے یورپ آنے والے مہاجرین سے نہ جوڑا جائے۔