اہلیہ قتل کیس؛ بھارتی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور عدالت طلب
عدالت نے بھارتی رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو ان کی اہلیہ کے قتل کیس میں سمن جاری کرتے ہوئے بطور ملزم 7 جولائی کو طلب کرلیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی کی عدالت نے کانگریس کے رہنما ششی تھرور کو سنندا پشکر کے قتل کیس میں 7 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔ پولیس کی جانب سے پیش کی گئی چارج شیٹ میں ششی تھرور کو اپنی اہلیہ کو خودکشی پر مجبور کرنے کے لیے ملزم قرار دیا گیا ہے۔ جس کی روشنی میں عدالت نے ششی تھرور کو عدالت طلب کرلیا ہے۔پولیس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں کانگریس رہنما ششی تھرور پر آئی پی سی کی دفعہ 498 اےاور 306 عائد کی گئی ہے۔ دفعہ 489 اے کے تحت زیادہ سے زیادہ 3 سال کی قید اور 306 کے تحت زیادہ سے زیادہ 10 سال کی جیل ہوسکتی ہے۔بھارتی سیاست دان ششی تھرور کے وکیل وکاس پھاوا نے عدالت کی جانب سے ششی تھرور کو بطور ملزم طلب کرنے کے فیصلے کو غیر حقیقی اور احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چارج شیٹ کی کاپی حاصل کرنے کے لیے عدالت میں درخواست جمع کرادی ہے جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کریں گے۔واضح رہے کہ سنندا پشکر 17 جنوری 2014ء کی رات دہلی کے ایک 5 اسٹار ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی تھیں اور اُن دنوں سنندا پشکر اور ششی تھرور کے درمیان چپقلش بھی جاری تھی بعد ازاں دہلی پولیس نے 1 جنوری 2015ء کو آئی پی سی کی دفعہ 302 کے تحت نہ معلوم لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔