نئی دہلی: بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے مقبوضہ کشمیر میں ماہ رمضان کے لیے کی گئی نام نہاد جنگ بندی میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں 17 مئی کو ماہ رمضان کے تقدس میں کی گئی ایک ماہ کی جنگ بندی کی معیاد پوری ہونے پر سیز فائر میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری حق خودارادیت کی جنگ کو طاقت کے ذریعے کچلنے کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا جس کے لیے مقبوضہ کشمیر میں تعینات فوج کو آپریشن کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھارتی فورسز کو مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فورسز کے خلاف مزاحمت کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے اور سرچ آپریشن میں تیزی لانے کی ہدایت کی ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں مزید نفری کی تعیناتی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج نے ماہ رمضان میں سیز فائر کے اعلان کی خود خلاف ورزی کرتے ہوئے اس دوران سرچ آپریشن اور ماورائے عدالت قتل میں یونیورسٹی کے پروفیسر سمیت 25 سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا تھا جب کے سیکڑوں کشمیریوں کو اسیر اور کشمیری رہنماؤں کو نظر بند رکھا گیا۔