وینزویلا کے نائٹ کلب میں طالب علموں کے درمیان جھگڑے میں 17 افراد ہلاک
کراکس: وینزویلا کے نائٹ کلب میں ’ پری گریجویشن پارٹی‘ کے درمیان طالب علموں کے دو گروہ میں تصادم کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق وینزویلا کے دارالحکومت کراکس کے ایک نائٹ کلب میں ’ پری گریجویشن پارٹی‘ کے دوران طالب علموں کے دو گروہ کے درمیان معمولی جھگڑے نے تصادم کی شکل اختیار کرلی۔ جس کے بعد ایک گروہ نے نائٹ کلب میں آنسو گیس کے شیل پھینکے۔ آنسو گیس کے شیل پھٹنے سے 20 سے زائد افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں 17 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر ہلاکتیں دم گھٹنے کی وجہ سے ہوئی ہیں اور ان میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے۔ جھگڑے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا ہے اور اس افسوسناک واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔