خواتین پر تشدد کے خلاف ایک قومی منصوبے کا اعلان کیا ہے
ارجنٹائن کے صدر ماریسیو میکری نے خواتین پر تشدد کے خلاف ایک قومی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر 37 ویں گھنٹے ایک عورت پر حملہ کیا جاتا ہے اور تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ثقافت میں تشدد کی اس جڑ کو ختم کیا جا سکتا ہے۔
یہ منصوبہ اگلے سال شروع ہوگا اور اس میں خواتین کے نیٹ ورکس بنائے جائیں گے اور پر تشدد مردوں کو برقیاتی ٹیگ لگائیں جائیں گے۔
گذشتہ برس ارجنٹائن میں 235 خواتی کو صنفی تشدد کے واقعات میں قتل کر دیا گیا۔
خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے لیے حکومت سنہ 2009 کے قائم شدہ قانون کو لاگو کرے گی۔
اس منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے صدر میکری کا کہنا تھا ’ہم سب کو خود سے عہد کرنا ہوگا یہ صرف حکومت کا ہی نہیں معاشرے کا بھی فرض ہے۔
خواتین کے لیے نیشنل کونسل کی صدر ماریا فابیانا کا کہنا تھا کہ یہ منصبے تین سال تک جاری رہے گا اور اس میں سکول کے نصاب میں صنفی تشدد سے متعلق آگہی شامل ہوگی۔
منصوبے کے تحت خواتین کی مدد کے لیے قائم ہیلپ لائن کے عملے میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
یہ منصوبہ گذشتہ برس ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیوں کے بعد سامنے آیا ہے۔
یہ مظاہرے ایک 14 سالہ سکول کی طالبہ کے بعد شروع ہوئے تھے جس کی لاش قتل کے تین دن بعد ان کے بوائے فرینڈ کے گھر کے صحن سے برآمد کی گئی تھی۔
گذشتہ برس لاطینی امریکہ کے ملکوں میکسیکو، بولیویا، کولمبیا اور برازیل میں بھی صنفی تشدد کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔