تہران: پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے تہران میں سپاہ پاسداران انقلاب کے بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور سے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان حساس معلومات کے تبادلے، سیکورٹی تعاون، انسداد دہشتگردی اور سرحدوں کی حفاظت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جنرل بلال اکبر نے ایرانی پاسداران انقلاب کی بری فورسز کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ‘محمد پاکپور’ کی دعوت پر تہران کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل بلال اکبر نے تہران میں سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل محمد پاکپور سے ملاقات میں پاک ایران سرحدی امور اور دہشت گردی کی روک تھام پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جنرل محمد پاکپور اور جنرل بلال اکبر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سرحدی سیکورٹی اور تعاون کی سطح میں اضافے، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ اقدامات اور سرحدی علاقوں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے پر اتقاق کیا گیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل پاکپور نے اس موقع پر کہا کہ دشمنان اسلام کی ناپاک سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اسلامی ملکوں کے درمیان اتحاد، تعاون اور ہم آہنگی میں اضافہ ضروری ہے۔
ایران و پاکستان کے اعلی فوجی عہدیداروں نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی اور سیکورٹی تعاون کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانے کی ضرورت پر بھی تاکید کی۔ قابل ذکر ہے کہ پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل بلال اکبر، ایرانی فوجی عہدیداروں سے ملاقات اور تبادلہ خیال کی غرض سے تہران کے دورے پر ہیں۔