دنیا
ترکی میں فوجی بغاوت میں ملوث درجنوں کرنلز کی گرفتاری کا حکم
انقرہ: ترکی کی حکومت نے فوجی بغاوت کی تحقیقات میں مزید فوجی افسران کی گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں درجنوں کرنلوں سمیت 68 ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا جن ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا گیا ان میں 22 کرنل اور 27 لیفٹیننٹ کرنلز شامل ہیں۔ اب تک 19 افسران کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ یہ ملزمان باغیوں کے مبینہ رہنما فتح اللہ گولن کے ساتھ بذریعہ فون رابطے میں تھے۔اقوام متحدہ کے محکمہ انسانی حقوق کے مطابق ترک حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش میں ملوث ہونے کے الزام میں اب تک ایک لاکھ 60 ہزار ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے اور اتنے ہی سرکاری ملازمین کو بھی ملازمت سے فارغ کیا جاچکا ہے،50 ہزار سے زیادہ ملزمان پر باضابطہ طور پر مقدمے چلا کر مختلف سزائیں سنائی گئیں۔