لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ ووٹ کو عزت دو کی جدوجہد فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ جمعے کو والد کے ہمراہ لاہور جائیں گے اور ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قربانی ہم دیں گے اور آنے والی نسلوں اور قوم کو اس کا فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ میں اور نواز شریف پاکستان میں جمہوریت دیکھنے والوں کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ملک میں جمہوریت دیکھنے والوں کی لڑائی ہم لڑیں گے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جو قربانیاں دی ہیں وہ پاکستان میں پہلے کسی نے نہیں دیں اور وہ پہلے ایسے لیڈر ہیں جو سزا بھگتنے کے لیے پاکستان جا رہے ہیں، لوگ کمر درد کے بہانے بھاگ کر یہاں آ جاتے ہیں اور ایسے بھی لیڈر ہیں جنہوں نے سزا سے بچنے کے لیے پاکستان سے باہر رہنے کو ترجیح دی۔
مریم نواز نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ یہ جتنا بھی کچھ کر لیں، ووٹرز کو نہیں روک سکتے، سیاسی لیڈرز سزا کا سن کر پاکستان سے بھاگ آتے ہیں لیکن ہم جائیں گے، میاں صاحب نے قدم بڑھا دیا ہے قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔