زلزلے سے قبل بے قرار ہونے والی بلیوں کی ویڈیو وائرل
اوسکا: ماہرینِ حیوانات کہتے ہیں کہ زلزلے کی آمد سے کئی جانور پہلے ہی خبردار ہوجاتے ہیں ان میں پرندے، چوپائے اور بندر وغیرہ بھی شامل ہیں۔اس ضمن میں ایک نئی ویڈیو انٹرنیٹ پر مقبول ہورہی ہے جس میں ایک درجن سے زائد بلیوں کو دیکھا جاسکتا ہے جو جاپان کے شہر اوساکا میں زلزلے سے قبل خوف سے ادھر ادھر بھاگتی اور اوپر کی جانب چڑھتی نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو سے بلیوں کا خطرے سے قبل احساس نوٹ کیا جاسکتا ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلیوں کے لیے بنائے گئے ایک مرکز میں دو درجن کے قریب بلیاں موجود ہیں اور وہ کھیل رہی ہیں لیکن اچانک وہ چوکنا ہوجاتی ہے اور اس کے بعد وہ خوف زدہ اور بے قرار دکھائی دیتی ہیں۔ یہ فوٹیج اوساکا میں لی گئی ہے جہاں گزشتہ ماہ قبل ایک زلزلہ آیا تھا۔ویڈیو میں بائیں جانب بلیوں کے پنجرے ہیں اور پھر کئی بلیوں کو خوف زدہ ہوکر چھلانگ لگاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ زلزلہ 18 جون کی صبح آیا تھا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر شدت 6.1 تھی ۔ اس سانحے میں چار افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔