پیوٹن اور ٹرمپ تعلقات بہتر بنانے کے لیے ملاقات کریں گے:روسی وزیرخارجہ
ماسکو : روسی وزیر خارجہ سیرگی لافروف نے کہاہے کہ امریکا کے ساتھ کشیدگی دور کرنے کے لیے صدر ولادی میر پیوٹن عن قریب اپنے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔روس کی سرکاری نیوز ایجنسی کی جانب سے منقولہ بیان میں لافروف نے کہاکہ امریکا روس باہمی کشیدگی دور کرنے اور تعلقات میں بہتری لانے کے خواہاں ہیں۔ اس حوالے سے جلد ہی دونوں ملکوں کے صدور کی ملاقات ہوگی۔خیال رہے کہ پچھلے ماہ فن لینڈ کے دارالحکومت ھلسنکی میں ٹرمپ اورپیوٹن کے درمیان ہونے والی ملاقات کیبعد امریکا کے بعض سیاسی حلقوں نے صدر ٹرمپ کی روس کے حوالے سے پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اس تنقید کے بعد ٹرمپ اور پوتین کی باہمی ملاقات رواں سال کے بجائے آئندہ سال کے لیے ملتوی ہوگئی تھی۔واضح رہے کہ چند روز قبل روسی صدر ولادی میر پوتین نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو ماسکو دورے کی دعوت دی تھی۔روس امریکی قیادت سے ملاقات کے ذریعے امریکا اور یورپ کی جانب سے پابندیاں اٹھانے کی راہ ہموار کررہا ہے۔وزیر خارجہ لافروف نے کہا کہ ماسکو اور واشنگٹن کے درمیان وزارت خارجہ کی سطح پر رابطے قائم ہیں۔ ہم برابری کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔