امریکامیں پولیس کی فائرنگ،14 سالہ لڑکا ہلاک
پولیس کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا،جب پولیس لاس اینجلس کے علاقے میں توڑ پھوڑ کے واقعے کی تحقیقات کر رہی تھی.
پولیس کا کہنا تھا کہ مسلح نوجوان نے پہلے پولیس پر فائرنگ کی،جس کے بعد پولیس آفیسرز نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوا،جبکہ پولیس نے اس کی بندوق قبضے میں لے لی.
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں شبہ ہے کہ جیسی رومیرو کے نام سے شناخت کیا جانے والا مشتبہ نوجوان بھی اس گینگ میں شامل تھا،جس نے یہ توڑ پھوڑ کی.
پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان کی والدہ ٹیریسا ڈومنگوز نے پولیس کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ان کا بیٹا ایک اچھا لڑکا تھا اور اس نے کوئی غلط کام نہیں کیا تھا.
یاد رہےکہ گزشتہ ماہ ریاست مینسوٹا میں پولیس اہلکار نے ایک اور سیاہ فام شخص کو ہلاک کر دیا تھا،سیاہ فام شخص کو اُس وقت گولی مار کر ہلاک کیا گیا جب وہ گاڑی سے اپنا ڈرائیونگ لائینس نکال رہے تھے.
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں امریکی ریاست لوزيانا اور منیسوٹا میں پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں دو سیاہ فام باشندوں کی ہلاکت کے واقعات بھی پیش آئے تھے.
واضح رہے کہ سیاہ فاموں کی ہلاکت کے بعد پولیس پر حملوں میں تیزی آگئی تھی اور پولیس پر حملے کے متعدد واقعات میں کئی پولیس اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے تھے۔