کابل: افغان صدر کے عید اجتماع سے خطاب کے دوران صدارتی محل پر راکٹ حملے
کابل: دہشت گروں نے افغان صدر کی موجودگی میں عید کے اجتماع کے دوران صدارتی محل پر راکٹوں سے حملہ کردیا۔ افغان خبر رساں ادارے کے مطابق دہشت گردوں نے کابل میں صدارتی محل پر منگل کی صبح 9 بجے راکٹوں سے حملے کیے، یہ حملے اس وقت کیے گئے جب افغان صدر اشرف غنی عید کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
افغان میڈیا کے مطابق صدارتی محل پر راکٹ حملہ طالبان نے کیا، حملے کے بعد علاقے میں افغان فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد مارے گئے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور ملٹری ہیلی کاپٹر علاقے میں چھپے دہشت گردوں کو تلاش کرکے نشانہ بنا رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی مذمت
وزیراعظم عمران خان کی کابل میں صدارتی محل کے قریب راکٹ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تہوار پر بزدلانہ کارروائی شکست خوردہ ذہنیت کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ سوچ کو مکمل شکست دینےکیلیے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔