کابل: افغانستان میں طالبان کے حملے میں 25 افغان فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 70 سے زائد حملہ آور مارے گئے ہیں۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبہ فریاب میں کونسل کے ایک رکن نادر سعید نے بتایا کہ افغان فوج کا ایک قافلہ صوبائی دارالحکومت میمنہ کی جانب رواں دواں تھا کہ اسے طالبان عسکریت پسندوں نے نشانہ بنایا، حملہ اس قدر شدید تھا کہ دو درجن سے زائد فوجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
صوبائی کونسل کے ایک اور رکن عبدالباقی ہاشمی کا کہنا ہے کہ حملہ آور جاتے ہوئے 16 اہلکاروں کو یرغمال بناکر لے گئے اور سرکاری اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا۔ دوسری جانب افغان فوج کا کہنا ہے کہ 380 اہلکاروں پر مشتمل شاہین یونٹ کے قافلے پر حملہ کرنے والوں کو فضائیہ اور زمینی فوج نے بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 73 عسکریت پسند مارے گئے ہیں جب کہ ہلاک ہونے والوں میں ضلع قیصر کے طالبان سربراہ ملا شیرین گل سمیت 6 کمانڈرز بھی شامل ہیں۔