ہندوستان میں شاہ رخ خان کو قتل کردیا گیا
بریلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ہندو جنونی ہجوم نے شاہ رخ خان نامی مسلمان کو بھینس چوری کا الزام لگا کر قتل کردیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی کے بھولا پور ہنڈولیا گاؤں میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں جنونی ہندوؤں کے ہجوم نے ایک مسلمان کو مار مار کر موت کی نیند سلا دیا، لوگوں نے 22 سالہ نوجوان شاہ رخ خان پر بھینس چرانے کا الزام لگاتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس نے اسے فورا ضلع ہسپتال میں داخل کرایاجہاں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔بریلی کے ایک سینیئرپولیس افسر ابھین ندن نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں شاہ رخ کی موت کی وجہ اندرونی چوٹیں ہیں،مقتول مسلمان نوجوان کو جگر اور گردے میں کافی زخم آئے۔
شاہ رخ کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ چوری یا کسی غلط کام میں کبھی ملوث نہیں رہا،وہ تو دوبئی میں زری کا کام کرتا تھا، تقریبا ایک مہینے قبل ہی وہ بریلی اپنے گھر آیا تھا۔ شاہ رخ کے بھائی فیروز خان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کچھ دوستوں کے ساتھ باہر گیا تھا لیکن جب واپس نہیں آیا تو فکر ہوئی لیکن سب یہی سوچ رہے تھے کہ آجائے گا۔ مقتول شاہ رخ خان کے گھر والوں کا کہنا تھا کہ پولیس نے ہمیں فون کر کے بتایا کہ شاہ رخ ہسپتال میں ہے اور اس پر بھینس چرانے کی کوشش کا الزام لگا یا گیا ہے۔ بھینس چوری معاملے میں شاہ رخ خان اور اس کے3 دوستوں کا نام شامل ہے جبکہ شاہ رخ کے قتل کے حوالے سے پولیس نے ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔