Featuredدنیا

لندن: کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن میں ادا کردی گئی۔ سابق خاتون اول کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن کے ریجنٹ پارک کی مسجد میں امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی، اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ میں کلثوم نواز کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز، شہباز شریف، پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام، سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری بھی شریک ہوئے۔

قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک رہنما نے ڈان کو بتایا کہ حسن اور حسین نواز کے پاکستان نہ آنے کی وجہ سے کلثوم نواز کی نماز جنازہ لندن میں ادا کی گئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کے بعد لندن کے مقامی وقت شام 6 بجکر 15 منٹ (پاکستانی وقت 10 بجکر 15 منٹ ) پر پی آئی اے کی فلائٹ (پی کے 758) کے ذریعے کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان روانہ کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں شریف خاندان نے نجی ہسپتال سے کلثوم نواز کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ اور جسد خاکی کو’برطانیہ سے باہر‘ لے جانے کے لیے کورونر کی عدالت سے سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔

کلثوم نواز کا جسد خاکی کل (جمعہ کی) صبح پاکستان پہنچے گا، جس کے بعد جمعہ کو شام 5 بجے جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد کلثوم نواز کی تدفین جاتی امرا میں ان کے سسر میاں شریف اور دیور عباس شریف کی قبروں کے قریب کی جائے گی۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کے جسد خاکی کو پاکستان لانے کے لیے ان کے بھائی شہباز شریف اپنے بیٹے حمزہ شہباز کے ہمراہ گزشتہ شب لندن پہنچے تھے۔

شہباز شریف کے لندن پہنچنے کے موقع پر کافی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور حسین نواز اپنے چاچا سے گلے لگ کے بے ساختہ روئے۔

نواز شریف کا جنازہ گاہ کا دورہ

دوسری جانب سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے پیرول پر رہائی کے بعد جاتی امرا سے ملحق شریف میڈیکل سٹی کا دورہ کیا اور اپنی اہلیہ کلثوم نماز کی نماز جنازہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

نواز شریف نے پیرول پر موجود اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر، جنید صفدر اور سلیمان شہباز کے ہمراہ سخت سیکیورٹی حصار میں جنازہ گاہ دورہ کیا۔

نواز شریف نے ہدایت کی کہ نماز جنازہ کے انتظامات ٹھیک ہونے چاہئیں اور کسی کو جنازہ گاہ میں کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔

اس موقع پر شہریوں نے نواز شریف اور دیگر لیگی رہنماؤں سے شریف میڈیکل سٹی میں ملاقات کی اور کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

سیاسی شخصیات کی جاتی امرا آمد

دوسری جانب غم زدہ شریف خاندان سے اظہار تعزیت کے لیے سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور کارکنوں کی جاتی امرا آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ نواز شریف سے اظہار تعزیت کے لیے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے جاتی امرا گئے۔

اس کے علاوہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حید نے اسپیکر اسمبلی، وزیر اطلاعات راجا مشتاق منہاس و دیگر کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کی اور کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی جانب سے پیغام جاری کیا گیا کہ پاکستان میں بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کا وفد بھی شریک ہوگا اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو بھی نواز شریف سے اظہار تعزیت کریں گے۔

چیئرمین بلاول بھٹو کی جانب سے تشکیل دیے گئے وفد میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف، سید خورشید شاہ اور سید نوید قمر شامل ہیں۔ قمرالزمان کائرہ، چوہدری منظور اور حسن مرتضیٰ بھی وفد کا حصہ ہوں گے اور یہ وفد کلثوم نواز کی نمازجنازہ میں شریک ہوگا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close