Featuredدنیا

ایران میں فوجی پریڈ پر مسلح افراد کا حملہ، 8 اہلکار ہلاک

ایران میں ہفتہ دفاع کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ پر مسلح افراد کے حملے میں 8 فوجی ہلاک اور 20 زخمی ہوگئے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنوب مغربی شہر اھواز میں نامعلوم مسلح افراد نے فوجی پریڈ پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا جہاں متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ایرانی حکام نے 8 فوجیوں کے ہلاک اور 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
حملہ آوروں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جب کہ اب تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ ایرانی حکام نے بتایا کہ پریڈ جاری تھی کہ اچانک فوجی وردیوں میں ملبوس 4 دہشت گردوں نے اسٹیج کے پیچھے سے فوجیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں بھگڈر مچ گئی۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فوری طور پر جوابی کارروائی کی گئی۔ شدت پسندوں اور فورسز کے درمیان جھڑپ تقریبا 10 منٹ تک جاری رہی جس میں دو حملہ آور ہلاک اور 2 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ عراق کے خلاف جنگ کی یاد میں ایران میں ہفتہ دفاع منایا جاتا ہے۔ 22 ستمبر 1980 کو عراق نے ایران پر حملہ کیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان جنگ 8 سال تک جاری رہی جو 20 اگست 1988 کو ختم ہوئی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close