دنیا

داعش اور دوسرے دہشت گرد گروپ امریکی کیمپ کے نزدیک کیا کر رہے ہیں، ایرانی سیکورٹی کونسل چیف کا سوال

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری ایڈمرل علی شمخانی نے آج بروز منگل تہران میں جہاد و شہادت کانفرنس سے خطاب کیا۔ ایرانی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ایران کے ہوائی اور فضائی فورس کے کمانڈر جنرل حاجی زادہ نے امریکیوں کے اڈے کے ساتھ تین کلومیٹر کے فاصلہ پر میزائل گرائے ہیں۔ ایڈمرل علی شمخانی کا کہنا تھا کہ جان بولٹن نے کہا تھا کہ ایران ہمیں سنجیدگی سے لے اب جنرل حاجی زادہ نے تمہیں سنجیدگی سے لیا ہے اور تمہارے تین کلومیٹر کے فاصلے پر میزائل پھینکے ہیں۔

ایڈمرل علی شمخانی نے امریکیوں کے اعتراف کا ذکر کیا کہ جس میں امریکہ نے کہا ہے کہ دریائے فرات کے مشرق میں ہمارے کیمپ سے تین میل کے فاصلے پر ایرانی میزائل گرے ہیں، ان کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں امریکیوں سے پوچھتا ہوں کہ یہ بتاو کہ تمہارے ساتھ تین میل کے فاصلے پر داعش اور دوسرے دہشت گرد گروہ کیا کر رہے ہیں؟ تم سب مسلح فوجی ہو۔ کیا ممکن ہے دو مسلح گروپس بغیر جنگ کے ایک دوسرے کے ساتھ تین میل کے فاصلے پر کیمپ لگا کر بیٹھے ہوئے ہوں؟

اسلامی جمہوریہ ایران کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکرٹری اور کونسل میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے نے مسجد ولی عصر تہران میں خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ امریکہ کی موجودہ حکومت نے ایران کے معیشتی نظام کو تباہ کرنے کیلئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا اعلان کیا ہوا ہے لیکن امریکہ کے موجودہ حکمرانوں کو پتا ہونا چاہیئے کہ گذشتہ چالیس سالوں کے اندر انقلاب کے دامن میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں نے دشمن کی ناک زمین پر رگڑ دی ہے اور ان کو یہ بھی پتا ہونا چاہیئے کہ نوجوان پھر دوبارہ ایسے بہانے کی تلاش میں ہیں تاکہ نئی نسل پرانی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر دشمن کے ساتھ وہی حشر کرے جو اس سے پہلے ہو چکا ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close