نئی دہلی: امریکی تحفظات کے باوجود روس اور بھارت نے 5 ارب ڈالرز کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 کی خریداری کے معاہدے کا اعلان کیا ہے۔ روسی صدر 4 اکتوبر کو دو روزہ دور پر نئی دہلی پہنچے تھے جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی تھی۔
روسی صدر پیوٹن نے بھارتی وزیراعظم سے نئی دہلی میں وفود کی سطح پر ملاقات کی جب کہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق میزائل دفاعی نظام سمیت روس اور بھارت کے درمیان 8 اہم معاہدوں پر دستخط کیےگئے ہیں۔
بھارت اور روس نے دفاع، نیوکلیئر، توانائی، خلاء اور اقتصادیات کے شعبوں میں 8 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
اس موقع پر روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ بھارت سے ہوئے ان معاہدوں سے تعلقات مضبوط ہوں گے جب کہ روسی صدر نے بھارتی وزیراعظم کو ولادی وستوک فورم ( ایسٹرن اکنامک فورم) میں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔
دوسری جانب ان معاہدوں پر محتاط ردعمل میں امریکا کا کہنا ہے کہ روس پر لگائی گئی پابندیوں کا مقصد ماسکو کے ڈیفنس سیکٹر کو حاصل ہونے والی آمدنی کو روکنا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہےکہ امریکا اپنے اتحادیوں یا شراکت داروں پر پابندیاں لگانا چاہتا ہے۔