سعودی صحافی کی گمشدگی کا معاملہ، تحقیقات کے لیے ترک سعودی مشترکہ ٹیم تشکیل
ریاض: سعودی صحافی جمال خشوگی کی گمشدگی سے متعلق تحقیقات کے لیے ترکی اور سعودی عرب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جمال خشوگی کی کمشدگی کے معاملے پر جانچ پرتال کرے گی اور حقائق سامنے لائے گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تحقیقاتی ٹیم سعودی عرب کی تجویز پر ترک حکام نے تشکیل دی ہے، یہ مشترکہ ٹیم اب اس معاملے کی چھان بین کرے گی۔
سعودی صحافی رواں ماہ 2 اکتوبر کو ترک شہر استنبول سے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے، اس حوالے سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ جمال خشوگی کو ترکی میں سعودی قونصل خانے میں حراست میں رکھا گیا ہے۔
بعض طقبوں کی جانب سے یہ بھی کہا جارہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں کو ہدف تنقید بنانے کے جرم میں سعودیہ کے معروف صحافی جمال خشوگی کو سعودی حکام نے مبینہ طور پر ترکی میں گرفتار کیا ہے۔
واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع ہونے کے بعد جمال خشوگی خود ساختہ جلا وطنی ہوکر امریکا منتقل ہوگئے تھے جہاں وہ مشہور اخبار واشنگٹن پوسٹ میں صحافتی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
دو روز قبل واشنگٹن میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا تھا کہ سعودی صحافی جمال خشوگی کے اغوا اور قتل سے متعلق رپورٹیں من گھڑت ہیں۔
خیال رہے کہ ترک پولیس نے سعودی صحافی کی گمشدگی کے حوالے سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ جمال خشوگی مبینہ طور پر قتل ہوچکے ہیں۔