ماسکو کے ایئر پورٹ پر کلاشنکوف کی دکان
روس کے دارالحکومت ماسکو میں سب سے بڑے شیریمیتیاوف ایئر پورٹ پر آنے والے مسافر اب کلاشنکوف کا ماڈل خرید سکتے ہیں۔شیریمیتیاوف ائیر پورٹ پر دنیا کی معروف روسی بندوق کلاشنکوف کے ماڈلز فروخت کے لیے ایک دکان کھولی گئی ہے .
،اس دوکان میں موجود ماڈلز میں کلاشنکوف کے علاوہ ’آئی لوو اے کے‘ کی ٹی شرٹس بھی رکھی گئی ہیں۔خودکار رائفل کلاشنکوف یا اے کے 47 دنیا بھر میں قابل اعتماد ہونے کے باعث کافی مشہور ہے۔ سوویت بلاک میں شامل ممالک اور کئی گوریلا دہائیوں تک اس بندوق کو استعمال کرتے رہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایئر پورٹ حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’یہ مکمل طور پر کلاشنکوف کی نقل ہے اس لیے سکیورٹی کا کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہو سکتا۔‘خیال رہے کہ شیریمیتیاوف روس کا سب سے بڑا ائیر پورٹ ہے اور گذشتہ سال تین کروڑ دس لاکھ مسافر یہاں سے سفر کر چکے ہیں۔دنیا بھر میں نقلی اسلحے پر شدید تشویش پائی جاتی ہے کیونکہ انھیں اصلی اور دہشت گردوں کے زیر استعمال اسلحے جیسا سمجھا جا سکتا ہے۔
کلاشنکوف بنانے والی کمپنی کا مقصد ایئرپورٹ پر اس دوکان کے ذریعے اپنے فوجی آلات کو پھیلانا ہے۔کمپنی کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر ولادی میر دیمیتریوو کے حوالے سے کہا ہے کہ ’کلاشنکوف مشہور برینڈز میں سے ایک ہے۔ جب لوگ روس کے بارے میں سوچتے ہیں تو پہلی چیز جو ذہن میں آتی ہے وہ کلاشنکوف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ہم ہر کسی کو یہ موقع فراہم کر رہے ہیں کہ وہ ہمارے نام کے ساتھ کلاشنکوف کی ایک نقل اپنے گھر لے جائیں۔‘