جمال خاشقجی کی موت کا یقین ہوگیا، امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاپتہ سعودی صحافی کے معاملے پر شدید انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب انہیں یقین ہوگیا ہے کہ جمال خاشقجی مرچکے ہیں اور سعودی عرب کو اس کا ذمہ دار ٹھہرانا چاہیے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافی کے سوال کہ کیا آپ کو یقین ہے کہ 2 ہفتوں سے زائد سے لاپتہ سعودی صحافی اب زندہ نہیں ہیں؟ پر کہا کہ ’ یقینی طور پر مجھے ایسا لگتا ہے اور یہ بہت افسوس کی بات ہے‘۔
سعودی عرب کو ممکنہ طور پر امریکی جواب پر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت لہجے میں کہا کہ ’ہمیں بہت شدید جواب دینا پڑے گا اور یہ بہت برا اور بدتر ہوگا‘۔
قبل ازیں امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے امریکا کے جواب سے متعلق کہا تھا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کہا ہے کہ تحقیقات مکمل کرنے کے لیے سعودی عرب کو مزید کچھ دن دینے چاہئیں‘۔
ادھر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ جمال خاشقجی کے معاملے پر امریکی حکمران سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے قریبی انٹیلی جنس عہدیدار جنرل احمد الاسیری پر الزام لگا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور سعودی عرب کے سب سے طاقت ور سرپرست کی جانب سے ملک کے شاہی افراد کو مسلسل شک کا فائدہ دے رہے ہیں اور امریکی صدر اور حکام کی جانب سے اس بات پر زور دیا جارہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات پر کوئی خطرہ نہیں ہے۔
اس حوالے سے مائیک پومپیو نے گزشتہ روز اپنے بیان میں سعودی عرب کے ساتھ واشنگٹن کے اسٹریٹجک تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ سعودی عرب انسداد دہشت گردی میں ہمارا اہم ساتھی ہے اور ہمیں یہ بات یاد رکھنے کی ضرورت ہے کہ اس کے پاس دو مقدس مقامات کا کنٹرول بھی ہے‘۔