Featuredدنیا

پاکستان اور چین کے درمیان 15 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

بیجنگ: وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب لی کی کیانگ سے ملاقات کی ہے۔ چین کے شہر بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسدعمر، خسرو بختیار، شیخ رشید اور علی زیدی بھی مذاکرات میں شریک تھے۔ مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور سی پیک سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

ملاقات کے بعد دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں زراعت، اقتصادی و تکنیکی تعاون، ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون اور چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدوں کے علاوہ پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، دونوں ملکوں میں زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں۔

چینی وزیر اعظم سے باضابطہ ملاقات سے قبل وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد ہوا، گریٹ ہال میں آمد پرچینی وزیراعظم نے عمران خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے عوامی ہیروز کی یادگار پرپھول بھی چڑھائے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی آج چین کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی طے ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close