کابل: افغان وزارت خارجہ کی جانب سے ایک لاش کے ساتھ خیبر پختونخوا پولیس کے ایس پی طاہر خان داوڑ کا سروس کارڈ ملنے کی تصدیق کی گئی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ افغان وزارت خارجہ کے مطابق لاش گزشتہ روز ننگر ہار صوبے کے ضلع دور بابا میں مقامی افراد کو ملی تھی۔
افغان وزارت خارجہ نے پاکستانی سفارتخانے کو اس واقعے کی اطلاع دی۔ افغان حکام نے بتایا کہ لاش کے ساتھ ایس پی طاہر خان کا سروس کارڈ بھی ملا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لاش کو کاغذی کارروائی کے بعد جلال آباد میں واقع پاکستانی سفارتخانے کے حکام کےحوالے کیا جائے گا اور پھر ایس پی طاہر خان کے جسد خاکی کو براستہ طورخم سرحد پاکستان لایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ طاہر خان کی میت ابھی پاکستانی قونصل خانے کو موصول نہیں ہوئی ہے، میت ملنے کے بعد ضروری کارروائی کر کے طور خم بارڈر کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ کر دی جائے گی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزارت خارجہ اور کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام افغان حکام سے رابطے میں ہیں۔