تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر پابندیاں عائد کرنا اقتصادی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ايران کے صدر حسن روحانی نے دارالحکومت تہران ميں افغانستان، چين، پاکستان اور ترکی سے آنے والے صحافيوں سے بات چيت کی اور امریکی پابندیوں کے بعد ایران میں پیدا ہونے والی صورت حال سے آگاہ کیا۔
ایرانی صدر نے امريکی پابندیوں کو غیر قانونی اور ناانصافی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی پابندیاں ایرانی عوام پر صدر ٹرمپ کی اقتصادی دہشت گردی ہے جس کا غیور ایرانی عوام سینہ تان کر مقابلہ کریں گے اور ظلم کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔
صدر حسن روحانی نے مزید کہا کہ امریکی اقتصادی دہشت گردی کا مقصد افراتفری اور بے یقینی کی صورت حال پیدا کرنا ہے تاکہ ديگر ممالک ایران میں سرمايہ کاری سے خوف زدہ ہو جائیں اور جب تجارت نہیں ہوگئی تو ملک زبوں حالی کا شکار ہوجائے گا۔
ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی معیشت کو بحرانی کیفیت کا سامنا نہیں ہے، ایرانی عوام کے ساتھ مل کر ملک کی معاشی گاڑی کی رفتار مزید تیز ہو گی جس کے لیے دوست ممالک کا تعاون بھی حاصل ہے۔