Featuredدنیا

وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے دورہ ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انقرہ میں ترک ایوان صدر آمد پر وزیراعظم عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ امور سمیت عالمی اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترک صدر اور پاکستانی وزیرِاعظم عمران خان کے مابین ملاقات کے بعد پاکستان اور ترکی کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کیے جائیں گے جس میں عمران خان پاکستانی وفد اور رجب طیب اردوان ترک وفد کی قیادت کریں گے۔

مزید برآں وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد وزیراعظم عمران خان اور رجب طیب اردوان مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے جس کے بعد وزیراعظم آج شام ہی اسلام آباد کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم پاکستان اور ترک صدر نے انقرہ کی مسجد میں نماز جمعہ ایک ساتھ ادا کی تھی۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے پہلے 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکی میں ہیں، جہاں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر اعظم کے مشیر برائے صنعت و تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے بیرون ملک مقیم پاکستانی زلفی بخاری بھی موجود ہیں۔

خیال رہے کہ اس بات کی بھی توقع کی جارہی ہے کہ وزیر اعظم کا دورہ ترکی پاکستان میں معیشت کو جاری بحران سے نمٹنے میں کچھ مدد گار ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کا بھی امکان ہے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close