سعودی فورسز کی اپنے ہی ملک کی شیعہ آبادی پر لشکر کشی، 8 شہری جاں بحق، 2 زخمی اور 2 گرفتار
ریاض: سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے صوبہ القطیف میں واقع ایک گاؤں الجیش میں لشکر کشی کی ہے جس کے نتیجے میں 8 شہری جاں بحق، 2 زخمی جبکہ متعدد کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابتدائی اطلاع میں بتایا گیا کہ سعودی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے شہریوں میں 7 مرد محمد حسین الشبیبی، عبدالمحسن طاہر العسود، عمار نصیر ابوعبداللہ، علی حسن ابو عبداللہ، عبدالمحسن ابو عبداللہ، یحییٰ زکریا آل عمار اور عادل جعفر شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والی ایک خاتون کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ مشرقی سعودی عرب کا شیعہ آبادی والا شہر قطیف، سلمان بن عبدالعزیز کے اقتدار میں آنے اور خاص طور سے بن سلمان کے ولی عہد بننے کے بعد سے سعودی سیکورٹی اداروں کے حملوں کا مسلسل نشانہ بنا ہوا ہے، سعودی فوجیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کے حملوں میں اب تک اس علاقے کے درجنوں بے گناہ شہری جاں بحق اور اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ سماجی اور سیاسی انصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنے کے جرم میں سینکڑوں دیگر افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے،مشرقی سعودی عرب میں سن دو ہزار گیارہ سے سیاسی اور مذہبی تعصبات اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کی بنا پر آل سعود خاندان کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی ہوتے رہے ہیں۔