ریاض: سعودی عرب سے تقریباً دو ہزار سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو ملک بدر کرکے بنگلہ دیش منتقل کردیا گیا، یہ افراد میانمار کی حکومت کے ظلم و ستم سے تنگ آکر محفوظ زندگی کی تلاش میں سعودی عرب گئے تھے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے ان روہنگیا افراد کو ملک بدر کرتے ہوئے میانمار کے بجائے پڑوسی ملک بنگلہ دیش بھیجا ہے۔
مڈل ایسٹ آئی ( ایم ای ای نامی) ویب سائٹ پر جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ کس طرح ملک بدری کے انتظار میں یہ افراد قطاروں میں کھڑے ہیں۔ یہ ویڈیو جدہ کے الشمسی حراستی مرکز کی ہے۔ ایم ای ای کی اطلاعات کے مطابق کچھ روہنگیا افراد کو ہھتکڑیاں لگا کے واپس بھیجا گیا ہے۔ اس ویڈیو کو بنانے والے شخص نے بتایا کہ وہ گزشتہ پانچ برسوں سے الشمسی حراستی مرکز میں قید رہا اور اب اسے بنگلہ دیش واپس بھیجا جا رہا ہے، برائے مہربانی میرے لیے دعا کریں۔