ترک حکومت کی کرپشن کی خبر چلانا خاتون صحافی کو مہنگا پڑگیا، ایک سال کی سزا ہوگئی
استنبول: ترکی کے شہر استنبول کی ایک عدالت نے ایک خاتون صحافی بیلین اونکر کو ایک سال سے زائد قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق اونکر پرالزام ہے کہ اس نے اپنے مضامین اور رپورٹس میں سابق وزیراعظم اور پارلیمنٹ کے موجودہ اسپیکر بنالی یلدرم اور ان کے بیٹوں کی مالٹا میں کاروباری سرگرمیوں کا انکشاف کیا تھا۔ اونکر پرعاید الزامات میں کہا گیا کہ اس نے اسپیکر کے بیٹوں پر ٹیکس چوری کا الزام بھی عاید کیا اور ان کے بیرون ملک غیرقانونی اثاثوں کی تفصیلات جاری کی تھیں۔
بین الاقوامی جرنلسٹ فیڈریشن (آئی سی آئی جے) کی رکن ہیں۔ ان پر اہم شخصیت کو بدنام کرنے اور ان کی میڈیا میں توہین کرنے کا الزام عاید کیا گیا ہے۔ بنالی یلدرم 2016ء سے 2018ء تک ترکی کے وزیراعظم رہے اور اب وہ پارلیمنٹ کے اسپیکر ہیں۔عدالتی فیصلے کے بعد بیلین اونکر نے خود پر عاید کردہ تمام الزمات بے بنیاد قرار دیئے اور کہا کہ اس کے خلاف جس طرح کا مقدمہ قائم کیا گیا تھا اس میں یہ فیصلہ غیر متوقع نہیں، تاہم وہ اسے اپیل کورٹ میں چیلنج کریں گی۔
اونکر کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے مضامین میں حقائق سامنے لائے ہیں کسی کی توہین نہیں کی۔خیال رہے کہ (آئی سی آئی جے)نے ترکی کو آزادی صحافت کے حوالے سے بدترین ملک قرار دیا ہے۔ گذشتہ برس 68 صحافیوں کو مختلف نوعیت کی انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں گرفتاری اور جیلوں میں بند کیا جانا بھی شامل ہے۔ ان صحافیوں پر ریاست کے خلاف جرائم میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمات چلائے گئے۔