جرمی کوربن ایک بار پھر لیبرپارٹی کے سربراہ منتخب
لیبر پارٹی کے سربراہ کے انتخابات میں اس دفعہ جرمی کوربن نے گذشتہ برس سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں اور کل ووٹوں کا 61.8 فیصد حاصل کر کے اوون سمتھ کو با آسانی شکست دے دی۔
انتخاب جیتنے کے بعد لیبر کے سربراہ جرمی کوربن کا کہنا تھا انہیں دوبارہ جماعت کا سربراہ بننے پر فخر ہے۔
جماعت کے سربراہ کے چناؤ کے لیے ہونے والے انتخابات میں پانچ لاکھ سے زائد پارٹی ممبران نے ووٹ ڈالے۔
لیبر جماعت کے لاکھوں ممبران نے اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے ایک سال کے اندر دوسری بار جرمی کوربن کوپارٹی کا سربراہ منتخب کیا ہے۔
انتخاب میں جرمی کوربن کو 313209 ووٹ پڑے جبکہ کے ان کے مدِ مقابل اوون سمتھ صرف 193229 حاصل کر سکے۔
جرمی کوربن گذشتہ برس ستمبر میں پہلی بار لیبر کے سربراہ بنے تھے اور ان انتخابات میں انھوں 59.5 فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔
یاد رہے کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے ریفرینڈم کے بعد لیبر پارٹی میں ایک قسم کا سیاسی بحران پیدا ہوگیا تھا اور جماعت کے بہت سے اراکینِ پارلیمان نے جرمی کوربن سے جماعت کی صدارت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس صورتحال کے پیشِ نظر جرمی کوربن نے جماعت کے نئے سربراہ کے انتخاب کے لیے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے ساتھ انتخاب میں دوبارہ بطور امیدوار کھڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔