اوباما نے پہلے ’افریقن امریکن میوزیم
براک اوباما نے واشنگٹن ڈی سی میں واقع اس میوزیم کو ’آزادی کے لیے کیا گیا مشترکہ سفر‘ قرار دیا ہے۔
54 کروڑ ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا گیا یہ میوزیم واشنگٹن ڈی سی کے نیشنل مال پر واقع ہے اور اسے برطانوی معمار ڈیوڈ ایڈجے نے ڈیزائن کیا ہے۔
اس موقع پر ملک کے سابق صدر جارج ڈبلیو بش بھی وہاں موجود تھے جنھوں نے سنہ 2003 میں اس کی تعمیر سے متعلقہ بل پر دستخط کیے تھے۔
سنیچر کو افتتاحی تقریب میں اوباما نے افریقی نژاد امریکیوں پر زور دیا کہ ’یہاں آئیں اور اپنی تاریخ کی طاقت دیکھیں۔‘
انھوں نے کہا کہ ’آج کا یہ دن ثابت کرتا ہے کہ امریکہ مکمل طور پر کامل نہیں ہے لیکن یہ ملک کے قیام کے خیال اجاگر کرتا ہے کہ یہ ملک تبدیلی سے، انقلاب سے، ہم لوگوں سے وجود میں آیا ہے اور یہ ملک اور بھی بہتر ہو سکتا ہے۔‘
اس کے بعد براک اوباما نے امریکہ کی سب سے پرانے سیاہ فاموں کے چرچ کی گھنٹی بجا کر باضابطہ طور پر میوزیم کا افتتاح کیا۔
اس میوزیم میں 36,000 اشیا ہیں جن افریقہ میں غلام خریدنے کے لیے استعمال کیے جانے والے پرانے سامان سے لے کر سنہ 1920 کی دہائی سے ایک ریلوے کار اور راک موسیقار چک بیری کی ایک سرخ رنگ کی کار شامل ہے۔