سعودی ولی عہد ترکی کا دورہ کریں گے
عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اس دو روزہ دورے دوران شہزادہ محمد بن نائف ترک صدر رجب طیب اردوآن ، وزیراعظم بن علی یلدرم اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے دہشتگردی کے خلاف جنگ ، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وہ ترکی کی بڑی کمپنیوں سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سعودی عرب میں ان کی جانب سے سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق اقدامات پر بھی بات چیت کریں گے۔ترک وزارت عظمیٰ کے ماتحت ادارہ برائے فروغ سرمایہ کاری کے سینئر مشیر ڈاکٹر مصطفیٰ گوکسو نے بتایا ہے کہ ترک حکومت سعودی ولی عہد سے ترکی اور خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے سمجھوتے پر دستخطوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کرے گی۔انھوں نے مزید کہا کہ ترک حکومت اس سال کے اختتام میں سعودی اور خلیجی کاروباری شخصیات کے لیے نئی مراعات اور سہولتوں کا اعلان کرے گی تاکہ ان کی ترکی میں سرمایہ لگانے کے لیے حوصلہ افزائی ہو۔واضح رہے کہ سعودی ولی ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد ان کاپہلا دورہ ہے۔